اونٹاریو لبرل پارٹی کا رکنیت پر مبنی قیادت کے انتخاب “آور چوائس” کا آغاز

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل پارٹی نے اپنی 2026 کی قیادت کے انتخابی عمل “آور چوائس” کا باضابطہ آغاز کردیا، جس کا مقصد پارٹی اور صوبہ اونٹاریو کے مستقبل کے لیے نئی سمت کا تعین کرنا ہے۔

پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر نے کہا کہ یہ عمل پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ ان کے مطابق اس قیادت کے انتخاب کے ذریعے مقامی لبرلز اپنی تنظیموں، کلبز اور کمیشنز کو فعال بنا سکتے ہیں اور نئی قیادت کو سامنے لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی پی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو حکومت عوام سے کٹ چکی ہے، اس لیے لبرلز کو قیادت سنبھالنے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔

اونٹاریو لبرل پارٹی کی صدر کیتھرین میک گیری نے کہا کہ “آور چوائس” پارٹی کو متحد کرنے اور صوبے بھر میں تحریک کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا، تاکہ آئندہ انتخابات میں عوام کا اعتماد حاصل کیا جا سکے اور ایک مؤثر متبادل پیش کیا جا سکے۔

پارٹی کے مطابق 9 نومبر سے 20 نومبر 2026 تک ارکان آن لائن ووٹنگ کے ذریعے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ نئے رہنما کا اعلان 21 نومبر 2026 کو کیا جائے گا۔ ووٹنگ رینکڈ بیلٹ سسٹم کے تحت ہوگی اور ہر رجسٹرڈ رکن کو براہِ راست ووٹ دینے کا حق حاصل ہوگا۔

قیادت کے انتخابی عمل کی نگرانی پارٹی کی چیف ریٹرننگ آفیسر بیٹریس کیلیہر-رافول پارٹی آئین کے مطابق کریں گی۔ مزید معلومات پارٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔