اونٹاریو میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری، مسی ساگا برف کی چادر اوڑھ گیا

ٹورنٹو /مسی ساگا (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو میں موسمِ سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، جبکہ مسی ساگا اور اس کے مضافاتی علاقے برف کی ہلکی چادر سے ڈھک گئے ہیں۔انویئرمنٹ کینیڈا کے مطابق اتوارکو برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ برفباری کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے درجہ حرارت کو منفی تین ڈگری سینٹی گریڈ تک گرا دیا۔

گلوبل نیوز کے موسمیات دان راس ہل (Ross Hull) نے بتایا کہ “جی ٹی اے (Greater Toronto Area) سمیت جنوبی اونٹاریو میں سرد ہوا کا دباؤ بڑھنے سے درجہ حرارت میں واضح کمی آئی ہے اور برف جمنے کے آثار نمایاں ہو گئے ہیں۔”

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لیک سمکو کے اطراف اور اونچی جگہوں پر چند سینٹی میٹر تک برف جمع ہو گئی ہے جبکہ مسی ساگا، برامپٹن اور اوک وِیل میں ہلکی مگر مسلسل برفباری دیکھی گئی۔

مقامی حکام کے مطابق شہر کی برف ہٹانے والی مشینری سڑکوں پر سرگرم ہے اور عملہ رہائشی علاقوں اور اہم شاہراہوں سے برف صاف کر رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ سڑکوں پر پھسلن اور کم حدِ نظر کے باعث سفر احتیاط سے کریں۔

برف باری کے آغازسے ہی بلدیہ نے شہریوں کی سہولت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے اس سال برفباری کے موسم میں نئی خدمات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موسمِ سرما میں شہر کی جانب سے 1 لاکھ 34 ہزار رہائشی ڈرائیو ویز پر برف کے تودے (ونڈروز) صاف کیے جائیں گے اور تمام فٹ پاتھوں کو بھی برف سے پاک رکھا جائیگا۔ شہر بھر میں ونٹر پارکنگ کی نئی پابندیاں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔

نئی سہولت:” رہائشی ڈرائیو ویز سے برف کے تودے صاف کرنا”
“ونڈرو” سے مراد وہ برف ہے جو سڑک صاف کرنے والی مشین کے گزرنے کے بعد گھر کے داخلی راستے پر جمع ہو جاتی ہے۔ اب شہر کی جانب سے تمام سنگل، شیئرڈ اور ڈبل ڈرائیو ویز پر کم از کم تین میٹر کی جگہ برف سے صاف کی جائے گی۔

“نئی پالیسی: شہر بھر میں ونٹر پارکنگ کی پابندیاں”
برف صاف کرنے کے عمل کو بہتر اور محفوظ بنانے کیلئےاب شہر میں ونٹر پارکنگ ری اسٹرکشن نافذ ہوگی۔
جب شہر کی طرف سے “ونٹر پارکنگ ری اسٹرکشن” کا اعلان کیا جائے گا تو کسی بھی سڑک پر گاڑی کھڑی کرنا ممنوع ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر 150 ڈالر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

یہ پابندی مذہبی تہواروں اور سرکاری تعطیلات کے دوران بھی برقرار رہے گی۔عارضی یا رہائشی پارکنگ پرمٹ جاری نہیں کیے جائیں گے، اور جو پرمٹ پہلے سے جاری ہیں وہ عارضی طور پر معطل ہو جائیں گے۔شہر اس پابندی کے اعلان اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر کرے گا۔ شہری ای میل الرٹ کے لیے رجسٹر ہو سکتے ہیں یا 311 پر کال کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

“شہری حدود میں برف صاف کرنے کی ذمہ داری”
بلدیہ مسی ساگا شہر کی ملکیتی تمام سڑکوں، بس اسٹاپس، سائیکل لینز، فٹ پاتھوں، اور پیدل راہوں سے برف ہٹانے کی ذمہ دار ہے۔ اس سال سے پہلی بار رہائشی ڈرائیو ویز کے ونڈروز بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔پیل ریجن (Peel Region) زیادہ تر علاقائی شاہراہوں کی صفائی کی ذمہ داری نبھاتا ہے۔

“برف صاف کرنے کے معیار اور اوقات”
جب برف 5 سینٹی میٹر یا زیادہ گرتی ہے تو شہر کے عملے کی جانب سے مشینری کے ذریعے صفائی شروع کی جاتی ہے، جبکہ کم مقدار میں برف ہونے پر صرف نمک چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔اہم شاہراہیں، ہسپتال، اسکول اور عوامی ٹرانزٹ روٹس کو ترجیحی بنیاد پر صاف کیا جاتا ہے۔ان مقامات کی صفائی برفباری رکنے کے 12 تا 24 گھنٹے بعد مکمل کر دی جاتی ہے۔

رہائشی سڑکیں اور فٹ پاتھ 24 تا 36 گھنٹے بعد صاف کیے جاتے ہیں۔ڈرائیو وے ونڈروز کی صفائی سڑک کی صفائی مکمل ہونے کے 4 تا 6 گھنٹے بعد کی جائے گی۔اگر برفباری ایک کے بعد ایک طوفان کی صورت میں ہو یا 30 سینٹی میٹر سے زیادہ ہو تو صفائی میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

میئر کیرولین پیریش (Carolyn Parrish) کا کہنا تھا”برفانی طوفان اب مسی ساگا کی نئی حقیقت بن چکے ہیں، اور ان کے ساتھ آنیوالے ونڈروز شہریوں کیلئے چیلنج ہیں۔ میں کئی برسوں سے شہر بھر میں ڈرائیو وے ونڈرو صفائی کی حمایت کر رہی تھی کیونکہ یہ صرف سہولت نہیں بلکہ محفوظ اور قابلِ رسائی شہر کیلئےایک اہم قدم ہے۔ ہم بزرگ شہریوں، معذور افراد اور مصروف خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ آسانی سے سفر کر سکیں۔ میں شہریوں سے گزارش کرتی ہوں کہ صفائی کے عمل کے دوران صبر کا مظاہرہ کریں اور عملے سے احترام کا رویہ رکھیں۔”

ہیلن نوہیمَر (Helen Noehammer) ڈائریکٹر ورک آپریشنز اینڈ مینٹیننس نے کہا”شہری چند آسان اقدامات کے ذریعے برف ہٹانے کے عمل کو مزید محفوظ اور مؤثر بنا سکتے ہیں۔ گاڑیاں سڑک، فٹ پاتھ یا ڈرائیو وے کے نچلے حصے پر پارک نہ کریں، تاکہ صفائی میں رکاوٹ نہ ہو۔ اس کے علاوہ، کوڑا کرکٹ کے ڈبے یا کھیلوں کا سامان سڑک کے قریب نہ چھوڑیں۔ اگر صفائی کے دوران کوڑا اٹھانے کا دن ہو تو ڈبے کرِب سے ہٹا کر رکھیں۔ ہم شہریوں کے تعاون کے شکر گزار ہیں تاکہ موسمِ سرما میں صفائی کا عمل ہموار اور کامیاب رہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں