اونٹاریو :نایاب بیماریوں کے علاج کیلئےنیا دو طرفہ معاہدہ ہوگیا: ایم پی سونیا سدھو

برامپٹن، اونٹاریو(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی وفاقی حکومت نے اونٹاریو کی صوبائی حکومت کے ساتھ ایک دو طرفہ معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد نایاب بیماریوں کے علاج کیلئےادویات کی دستیابی اور استطاعت میں بہتری لانا ہے۔ یہ معاہدہ 535 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری پر مشتمل ہے اور ایسے مریضوں کیلئے مددگار ثابت ہوگا جو مہنگی اور نایاب بیماریوں کے علاج کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

کینیڈا میں ہر 12 میں سے 1 شخص بیماریوں کا شکار ہوتا ہے، اور ان کے علاج کی لاگت عام طور پر بہت زیادہ ہوتی ہے۔ اس نئے معاہدے کے تحت “نیشنل اسٹریٹیجی فار ڈرگز فار ریئر ڈیزیز” کے دائرہ کار میں درج ذیل پانچ اہم ادویات کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی.

Poteligeo (مایکوسس فنگوائیڈز کے علاج کیلئے)،Oxlumo (ہائپرو آکسیلوریا ٹائپ 1 کے علاج کیلئے)،Epkinly (ڈفیوز لارج بی سیل لیمفوما کے علاج کیلئے)،Welireg (وان ہپل لنڈاؤ بیماری کے علاج کیلئے)،Yescarta (مختلف اقسام کے لیمفوما کے علاج کیلئے)

ممبرپارلیمنٹ سونیا سدھو نے کہاکہ”یہ معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے جو برامپٹن ساؤتھ اور پورے اونٹاریو میں نایاب بیماریوں میں مبتلا افراد کیلئے زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے گا۔ ان ادویات میں سرمایہ کاری کرکے، ہم نہ صرف صحت کے نتائج کو بہتر بنا رہے ہیں بلکہ ان خاندانوں کو امید بھی فراہم کر رہے ہیں جو ان بیماریوں سے متاثر ہیں۔”

اس معاہدے میں ان بیماریوں کی جلد تشخیص اور سکریننگ کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کا عزم بھی شامل ہے۔ اونٹاریو حکومت وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں اور علاقوں کے ساتھ مل کر ایک جامع منصوبہ تیار کریگی تاکہ ان غیرمعمولی بیماریوں کیلئے بہتر سکریننگ اور تشخیصی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ایم پی سونیا سدھو نے مزید کہا”حکومتِ کینیڈا صوبوں اور علاقوں کے ساتھ مل کر ایک مضبوط عوامی صحت کا نظام قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ یہ معاہدہ اس عزم کا مظہر ہے کہ تمام کینیڈین، چاہے وہ کسی بھی علاقے میں رہتے ہوں یا ان کی مالی حیثیت کچھ بھی ہو، وہ ضروری علاج تک رسائی حاصل کر سکیں اور ایک بہتر معیارِ زندگی گزار سکیں۔”

کینیڈا کے وزیرِ صحت، معزز مارک ہالینڈ نے اس معاہدے کے حوالے سے کہا”یہ معاہدہ ہمارے اس اجتماعی مشن کی ایک اور اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد اونٹاریو کے شہریوں کیلئے ایک مضبوط اور مستحکم عوامی صحت کا نظام فراہم کرنا ہے۔ نایاب بیماریوں کے علاج میں سرمایہ کاری کے ذریعے، یہ معاہدہ دواؤں کی استطاعت اور دستیابی میں بہتری، جلد تشخیص اور مؤثر سکریننگ کو یقینی بنائے گا تاکہ نایاب بیماریوں میں مبتلا افراد بہترین ممکنہ صحت کے نتائج حاصل کر سکیں۔”
مزید تفصیلات کیلئےحکومتِ کینیڈا کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں