پیرس:اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چئیرمین سید قمر رضا نے فرانس کی معروف کاروباری شخصیت ، چئیرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال کی دعوت پر فرانس کا دورہ کیا۔ سید قمر رضا کے اعزاز میں سردار ظہور اقبال اور راجہ علی اصغر نے ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا، چئیرمین سید قمر رضا نے اپنے خطاب میں اوورسیز کمیونٹی کو یقین دلایا کہ اگلے چند ماہ میں ان کے بہت سارے مسائل حل ہوں گے ، اور اوورسیز پاکستانیوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک ختم ہوگا ، انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد یورپ بھر میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کو فعال بنانے اور ایڈوائزری کونسل کی تشکیل ہے، تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمینٹ میں مخصوص نمائندگی کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم پاکستان سے بات کروں گا، موجودہ حالات میں اوورسیز پاکستانیوں کی اخلاقی و مالی مدد چاہیے، آئیں سب مل کر پاکستان کی بہتری کیلئے کام کریں.
عشائیہ تقریب سے سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، ہم سب کو مل کر پاکستان کا امیج انٹرنیشنل کمیونٹی میں بہتر بنانے کے لیے کام کرنا ہو گا۔پاکستان بزنس فورم فرانس کے اس عشائیہ میں کمیونٹی کے تمام مکتبۂ فکر نے بھرپور شرکت کی۔
میزبان سردار ظہور اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے بل پارلیمنٹ سے پاس ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور حکومت پاکستان اوورسیز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات شروع کردئے ہیں.میزبان راجہ علی اصغر نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ یورپی ممالک کیلئے قومی ایئرلائن پی آئی اے کی بحالی تک چارٹر فلائٹس چلائی جائیں .