اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان سپر لیگ میں دلچسپی بڑھنے لگی

پاکستانی نژاد امریکی بزنس گروپ پینتھر پٹرولیم کا پی ایس ایل ٹین کیلئے لاہور قلندر سے معاہدہ

لاہور (رپورٹ، محمد بابر بیوروچیف) اوورسیز پاکستانیوں کی پاکستان سپر لیگ میں دلچسپی ہر آنے والے دن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔ ہیوسٹن امریکہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی بزنس گروپ پینتھر پٹرولیم نے پی ایس ایل ٹین کے ساتھ معاہدہ کرلیا۔ معاہدے کی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں میڈیا کے ساتھ ساتھ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیا ت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پینتھر گروپ یو ایس اے کے صدر چودھری بلال کا کہنا تھا جب ہم نے پی ایس ایل سے وابستہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا تو ہماری ہماری چوائس لاہور قلندر ہی تھی جس کی وجہ ان کا پاکستان کے نوجوانوں کیلئے ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں رہتے ہوئے بھی ہم ایک لمحے کیلئے پاکستان سے الگ نہیں ہوئے اور اپنی مٹی سے ہمارا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جارہا ہے، ہمارے ملک کے نوجوان نہایت باصلاحیت ہیں ہمارا مقصد ان کے ٹیلنٹ کو نکھار کر دنیا کے سامنے لانا ہے اور پی ایس ایل کی سپانسر شپ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔

پینتھر بزنس گروپ کے چیف ایگزیکٹو چودھری ایاز کا کہنا تھا کہ ہم پی ایس ایل سے قبل ہمارا ارادہ چیمپئنز ٹرافی کو سپانسر کرنے کا تھا لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جواب نہ ملنے پر ایسا نہ ہوسکا۔ ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل پوری دنیا میں ایک برانڈ کے طور پر اپنی پہچان بناچکا ہے لہذا ہم نے پاکستانی نوجوانوں کو سپورٹ کرنے کیلئے ایونٹ کی سب سے مقبول فرنچائز کا انتخاب کیاجس کیلئے معروف اداکارہ حرا مانی اورسلمان ثاقب شیخ عرف مانی کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے۔

چودھری ایاز کا کہنا تھا امریکہ میں کامیاب بزنس گروپ بننے کے بعد ہم نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا ہے آنے والے دنوں میں اس حوالہ سے کئی پراجیکٹ لانچ کرنے جارہے ہیں تاکہ ہمارے ملک کے نوجوان منفی سرگرمیوں کی بجائے مثبت سرگرمیوں پر اپنی توانائیاں صرف کریں۔ تقریب سے لاہور قلند ر کی مینجمنٹ سمیت دیگر مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اگلے سال پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کا اعلان کیا ہے جس کیلئے بڑی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ٹیموں کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں