اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے کینیڈا فاؤنڈیشن برائے انوویشن (CFI) کے انوویشن فنڈ کے تحت 552 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے تاکہ محققین کو جدید ترین آلات اور سہولیات فراہم کی جائیں جو دریافت کو تیز کریں، اقتصادی استحکام مضبوط کریں، اور کینیڈین عوام کیلئےطویل مدتی فوائد فراہم کریں۔
اس سرمایہ کاری کے ذریعے ملک بھر میں 32 اداروں میں 92 تحقیقی انفراسٹرکچر منصوبوں کی حمایت کی جائیگی، جس سے صحت کی دیکھ بھال، صاف توانائی، کوانٹم ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، پائیدار زراعت، اور سمندری سائنس کے شعبوں میں کام کو فروغ ملے گا۔ رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے مضبوط تحقیقی انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کینیڈین ٹیلنٹ ملک میں برقرار رہے، عالمی شراکت داری کو فروغ ملے، اور تحقیقات کو عملی نتائج میں بدلا جا سکے۔
سونیا سدھو نے کہا “اونٹاریو کے محقق اور موجد وہ حل تیار کر رہے ہیں جو ہماری معیشت کو تقویت دیتے ہیں اور لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ وفاقی سرمایہ کاری عالمی معیار کی ٹیموں کو وہ اوزار فراہم کریگی جن کے ذریعے صحت کی ٹیکنالوجی، صاف توانائی، جدید مواد، اور مصنوعی ذہانت میں اہم پیش رفت کی جا سکے۔ ساتھ ہی یہ اچھی ملازمتیں پیدا کرے گی اور یہاں ہی کمرشلائزیشن کو فروغ دیگی۔ یہ اونٹاریو کی قیادت اور کینیڈا کی خوشحالی میں ایک سمجھدار اور مستقبل بین سرمایہ کاری ہے۔”
اس قومی سرمایہ کاری سے اونٹاریو کی جدت کاری کی معیشت کو اہم فوائد حاصل ہوں گے۔ میک ماسٹر یونیورسٹی میں کینیڈین نیوٹرون اینڈ پوسٹران بیم لیبارٹری (CNBL)جو کینیڈا میں نیوٹرون بیمز تک واحد رسائی نقطہ ہےکی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے گا، جو جدید مواد کی تحقیق کیلئے ضروری ہیں۔ اس اپ گریڈ سے اونٹاریو کے محققین اور صنعتی شراکت دار محفوظ جوہری ایندھن کے ذخیرہ، کاربن کیپچر، نئی نسل کی بیٹریاں، اور فیوژن انرجی، کوانٹم پروسیسرز اور جدید MRI ٹیکنالوجیز کیلئےسپر کنڈکٹنگ مواد پر کام کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ، ملک بھر کے دیگر تحقیقی مراکز بھی اونٹاریو کی کمپنیوں اور تحقیقاتی نیٹ ورکس کے لیے فوائد فراہم کرینگےبرٹش کولمبیا میں کوانٹم مواد کی ترقی، کیوبیک میں مائیکرو الیکٹرانکس کی کمرشلائزیشن، سسکچیوان میں پائیدار زراعت کی پیش رفت اور نووا سکاٹیا میں سمندری نگرانی کی صلاحیتوں میں اضافہ۔ یہ مربوط مراکز اونٹاریو کی کمپنیوں کو خصوصی آلات تک رسائی، پروٹوٹائپس کے پیمانے بڑھانے اور کینیڈا بھر میں تعاون میں حصہ لینے میں مدد دیں گے۔
وزیر صنعت میلان جولی نے کہا “کینیڈا محققین اور موجدوں میں سرمایہ کاری کر کے جرات مندانہ سائنسی پیش رفت کو فروغ دے رہا ہے تاکہ ہم G7 میں مضبوط ترین معیشت کیلئےسائنسی اور تعلیمی طاقت پیدا کر سکیں۔ کینیڈا فاؤنڈیشن برائے انوویشن کے ذریعے یہ سرمایہ کاری محققین کو جدید، عالمی معیار کی سہولیات فراہم کریگی جو کینیڈا کے تحقیقی انفراسٹرکچر کو مضبوط کریں، دریافتوں کو تیز کریں، اور نئی مواقع پیدا کریں جو صنعتوں کے ہر شعبے میں کینیڈینوں کیلئےفائدہ مند ہوں گے۔”

