اوٹاوا:جی سی اسٹریٹجیز کو 10 کروڑ ڈالر کی ادائیگی بغیرشواہد کے کی گئی:ایم پی لیری بروک

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کنزرویٹوممبرپارلیمنٹ لیری بروک نے کہا ہے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نے تصدیق کر دی ہے کہ وفاقی حکومت نے بغیر کسی شفاف طریقہ کار، نگرانی یا دستاویزاتی ثبوت کے نجی کمپنی جی سی اسٹریٹجیز کو 100 ملین ڈالر کی خطیر رقم ادا کی۔

کینیڈا میں وفاقی مالی شفافیت پر سوالات ایک بار پھر شدت اختیار کر گئے ہیں، جب رکن پارلیمان لیری بروک نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے جی سی اسٹریٹجیز (GC Strategies) نامی کمپنی کو 10 کروڑ ڈالر کی رقم بغیر کسی باقاعدہ نگرانی، کاغذی کارروائی یا جوابدہی کے ادا کی۔

لیری بروک نے ایک بیان میں کہا”آڈیٹر جنرل نے یہ بات واضح کر دی ہے کہ اس معاہدے میں نہ صرف نگرانی کا فقدان تھا بلکہ دستاویزاتی شواہد بھی موجود نہیں تھے۔ یہ رقم عوامی خزانے سے دی گئی اور اس کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔”

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے ٹھیکیداری عمل میں سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے، جن میں جی سی اسٹریٹجیز کو دی گئی ادائیگی خاص طور پر نمایاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس رقم کے استعمال سے متعلق کسی قسم کا واضح ریکارڈ موجود نہیں، اور نہ ہی ذمہ دار حکام کی جانب سے اس پر خاطر خواہ نگرانی کی گئی۔

اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے پر فوری پارلیمانی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ شہری حلقوں میں بھی سرکاری مالیاتی نظم و نسق کے حوالے سے خدشات جنم لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں