اوٹاوا/ویک فیلڈ، کیوبیک (نامہ نگار+ مقامی پولیس، ریڈیو کینیڈا) مغربی کیوبیک کے اسکی ریزورٹ میں چیئر لفٹ حادثے میں شدید زخمی ہونے والی 13 سالہ بچی دم توڑ گئی، اہلِ خانہ نے اتوار کو تصدیق کر دی۔
اہلِ خانہ کی جانب سے جاری بیان، جو اوٹاوا کے بچوں کے اسپتال CHEO کے ذریعے جاری کیا گیا، میں کہا گیا کہ وہ اس اندوہناک خبر پر شدید غمزدہ ہیں اور گزشتہ دنوں ملنے والی کمیونٹی کی حمایت اور دعاؤں پر شکر گزار ہیں۔ خاندان نے ان افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بچی کو بچانے کی کوشش میں فوری مدد فراہم کی۔ اہلِ خانہ کے مطابق بچی کے اعضا عطیہ کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق 11 فروری کو بچی اسکول ٹرپ میں ویک فیلڈ کے قریب اسکی ہل Centre Vorlage میں چیئر لفٹ سے اترنے لگی تو اس کے کپڑے مشینری میں پھنس گئے۔ بالغ افراد نے اسے چھڑانے کی کوشش کی اور آخرکار کرسی کو دوبارہ نیچے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیچے پہنچنے پر بچی سانس نہیں لے رہی تھی۔
ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ وہاں موجود دو ڈاکٹروں نے فوری سی پی آر کی، بعد ازاں بچی کو پہلے ویک فیلڈ اور پھر اوٹاوا کے CHEO منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔
ریزورٹ کے شریک مالک الیگزینڈر گابوری نے کہا کہ پوری تنظیم اس سانحے پر گہرے دکھ میں مبتلا ہے اور متاثرہ خاندان سے دلی تعزیت کرتی ہے۔ ریزورٹ واقعے کے بعد بند کر دیا گیا تھا، تاہم انتظامیہ کے مطابق ریسٹورنٹ پیر کو جبکہ اسکی ہل منگل کو محدود پیمانے پر دوبارہ کھولا جائے گا۔
پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ ادارے نے 12 اور 13 فروری کو معائنہ کر کے کچھ “عدم مطابقت” کی نشاندہی کی اور لفٹ چلانے پر پابندی عائد کی۔ بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ نقائص دور کر دیے گئے ہیں۔
Quebec Ski Areas Association کے سی ای او ایو جونیو نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، تاہم کیوبیک میں اسکی لفٹس کے معائنے کے سخت معیار موجود ہیں اور ممکنہ طور پر یہ ایک الگ واقعہ ہے۔

