اوٹاوا: پارلیمنٹ نے لبرل جی ایس ٹی ریلیف بل کی فاسٹ ٹریک منظوری دے دی

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا میں وزیراعظم مارک کیرنی کے گزشتہ ہفتے کیے گئے وعدے کے مطابق وفاقی جی ایس ٹی کریڈٹ میں اضافہ کرنے والا بل پارلیمنٹ کے اگلے مراحل کی طرف بڑھ گیا ہے۔

پیر کو اراکین پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر کنزرویٹو تجویز کی منظوری دی، جس کے تحت بل C-19، یعنی کینیڈا گروریز اینڈ ایسینشلز بینیفٹ ایکٹ پر غور تیز کرنے کی اجازت دی گئی تاکہ یہ بدھ تک ہاؤس آف کامنز سے منظور ہو سکے۔ یہ بل لبرلز کے تازہ افورڈیبلٹی وعدے کے تحت جی ایس ٹی کریڈٹ میں اضافہ کرے گا۔

جولائی سے جی ایس ٹی کریڈٹ میں 25 فیصد اضافہ کیا جائیگااور اس کے علاوہ ایک بار کیلئے50 فیصد ٹاپ اپ بھی دیا جائیگا۔ حکومت کے مطابق چار افراد پر مشتمل فی خاندان اس سال زیادہ سے زیادہ 1890ڈالر وصول کریگا جبکہ فی الحال یہ رقم 1100 ڈالرہے۔ ایک فرد کیلئےاس سال 950ڈالر جبکہ موجودہ رقم 540ڈالر ہے۔

کنزرویٹو ڈپٹی لیڈر میلیسا لانٹسمین نے بل کو فاسٹ ٹریک کرنے کی تجویز دی، لیکن انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ یہ اضافہ مہنگائی کا اصل حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اگر آپ ہفتے میں 300ڈالر خوراک پر خرچ کر رہے ہیں تو 10ڈالر کا ٹاپ اپ کچھ فرق ڈالے گا، لیکن مسئلہ حل نہیں کرے گا۔”

پارلیمانی بجٹ آفس کے تازہ تجزیے کے مطابق یہ اقدام حکومت کے اندازے سے زیادہ مہنگا پڑیگا۔ اس بل کی لاگت 2025-26 سے 2030-31 تک 12.4 ڈالربلین ہوگی جبکہ وفاقی حکام نے گزشتہ ہفتے 11.7 بلین ڈالر تخمینہ پیش کیا تھا۔فنانس وزیر فرانسوا-فلپ شیمپین نے کہا کہ “حکومت کے پاس انتخاب کرنا ضروری ہے۔ ہم نے یہ انتخاب کیا ہے کہ کینیڈینز کی حمایت کی جائے اس سال کیلئے بوسٹ دیا جائے اور مستقبل میں معیشت کی ترقی کی طرف پل بنایا جائے۔”