اوٹاوا: پاکستانی فنکار خلیل نجمی کی ہائی کمشنر محمد سلیم سے ملاقات

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم سے معروف پاکستانی فنکار خلیل نجمی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خلیل نجمی نے اپنے فنکارانہ سفر اور میڈیلین پورٹریٹ آرٹ کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت پر تبادلہ خیال کیا۔

خلیل نجمی کو میڈیلین پورٹریٹ آرٹ میں منفرد مقام حاصل ہے، جسے تاریخ کے تحفظ، شناخت کے اظہار اور مختلف ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر خلیل نجمی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا ایک شاہکار پورٹریٹ ہائی کمیشن کے حوالے کیا۔

ملاقات کے دوران ہائی کمشنر محمد سلیم نے فنونِ لطیفہ کو ثقافتی سفارت کاری کا ایک طاقتور ذریعہ قرار دیا اور خلیل نجمی کی جانب سے پاکستان کے فنی ورثے کے فروغ میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فنکار معاشروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور ثقافتی نمائشیں، فنکاروں کے تبادلے اور بیرون ملک اداروں کے ساتھ اشتراک پاکستان کی پبلک ڈپلومیسی کے اہم ستون ہیں۔

ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ بصری فنون کے ذریعے پاکستان کا مثبت اور نرم تشخص اجاگر کرنے میں فنکاروں کا کردار نہایت اہم ہے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئےایسے اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔