اوٹاوا (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اوٹاوا میں کینیڈا کے وزیر خارجہ کے پارلیمانی سیکریٹری اور رکن پارلیمنٹ رابرٹ اولیفینٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے بات چیت کے دوران آئندہ متوقع دوطرفہ روابط، تجارت و سرمایہ کاری سے متعلق تقریبات اور رابطہ کاری سے جڑے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے متعدد امید افزا شعبے موجود ہیں.
جن میں باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط شامل ہیں۔ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مستقبل میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

