اٹاوا:پاکستان کےکینیڈامیں نئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

کینیڈا کیلئےپاکستان کے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر محمد سلیم اوٹاوا پہنچ گئے ہیں۔ سفیر محمد سلیم ممتازاور نمایاں سفارتی کیریئر رکھتے ہیں اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے جذبے سے سرشار سفیر سلیم اس کردار میں غیر معمولی قیادت اور وژن کے حامل ہیں۔ محمد سلیم نے نیشنل یونیورسٹی آف ملائیشیا سے سفارت کاری اور سٹریٹیجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 1995 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد سے وہ وزارت خارجہ، اسلام آباد اور بیرون ملک پاکستان کے سفارتی مشنز میں تعینات رہے۔

وہ وفاقی جمہوریہ جرمنی، سلطنت بحرین، رومانیہ اور کینیڈا میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 2020-2022 تک متحدہ جمہوریہ تنزانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ سفیر سلیم نے بامعنی شرکت داری کی تشکیل، عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اقدار کو فروغ دینے کیلئے مسلسل کام کیا ہے۔

وہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کا مقصد سیاسی، اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارت، اعلیٰ تعلیم، ثقافتی تبادلے اور عوام سے عوام کے رابطوں پر توجہ مرکوز کرناہے اور ان تمام قدامات کے ذریعے، موجودہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں