اٹاوا(نمائندہ خصوصی)کینیڈا پہلی ملک بن گیا ہے جس نے کم عمر نوجوانوں کو آن لائن نشانہ بنانے والے انتہاپسند نیٹ ورک 764 کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔
کینیڈین حکومت کے مطابق بدھ کو کریمنل کوڈ کے تحت چار نئی تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیا گیا.764، Maniac Murder Cult،Terrorgram Collective،Islamic State–Mozambique۔
حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ 764، Maniac Murder Cult اور Terrorgram Collective سوشل میڈیا اور آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے نوجوانوں کو بھرتی کرتے ہیں، انتہاپسندانہ پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں اور آن لائن و آف لائن تشدد پر اکساتے ہیں۔
کینیڈین پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے مطابق 764 ایک “نہیلیسٹک” گروپ ہے جس کا مقصد معاشرے کو کسی نئے نظام کی طرف لے جانا نہیں بلکہ مکمل تباہی اور انتشار پھیلانا ہے۔
حکام کے مطابق گروپ کے ارکان مختلف سوشل میڈیا اور گیمنگ پلیٹ فارمز پر نوجوان اور کمزور صارفین کو جال میں پھنساتے ہیں، انہیں ذہنی استحصال کے ذریعے تشدد، جنسی جرائم اور خودنُقصان جیسے اعمال پر اکساتے ہیں۔
فروری 2024 میں البرٹا کے شہر لیٹھ برج میں 14 سالہ لڑکے کو بچوں کی فحش مواد کی تیاری اور تقسیم سمیت متعدد الزامات پر گرفتار کیا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ وہ گروپ 764 کا رکن تھا۔ چند ہفتے قبل ہیلی فیکس میں بھی ایک نوجوان کو اسی گروپ سے تعلق پر گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر دنیا بھر کے سینکڑوں نوجوانوں سے رابطے میں تھا۔
سی ایس آئی ایس کے ڈائریکٹر ڈین راجرز نے خبردار کیا کہ اب کینیڈا میں ہر دس میں سے ایک دہشت گردی کی تحقیق میں کم از کم ایک کم عمر شامل ہے جو انتہاپسندانہ نظریات سے متاثر ہوتا ہے۔
764 سمیت دیگر گروپس کو دہشت گرد قرار دینے کے بعد حکومت کو ان کی جائیداد، گاڑیاں اور رقوم ضبط کرنے کا اختیار مل گیا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات زیادہ مؤثر طریقے سے چلا سکیں گے۔
حکومت نے Islamic State–Mozambique کو بھی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے، جو داعش کی ایک معروف ذیلی شاخ ہے اور مسلح کارروائیوں کے ذریعے علاقے پر قبضہ اور شریعت پر مبنی حکومت قائم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔

