شادی کی انگوٹھی دریامیں گرانےپراٹلی کے اولمپک چیمپئن ہائی جمپر کو بیوی سے معافی مانگنا پڑ گئی

پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب کے دوران دریائے سین میں شادی کی انگوٹھی گرانے پر اولمپک چیمپئن ہائی جمپر کو بیوی سے معافی مانگنا پڑ گئی۔

اٹلی کے اولمپک چیمپئن ہائی جمپر گیانمارکو ٹمبیری پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں اپنے ملک کا جھنڈا تھامنے والوں میں سے ایک تھے۔

تقریب کا انعقاد دریائے سین میں ہوا اور ایتھلیٹس کشتیوں میں سوار تھے اور اس دوران اولمپک چیمپئن سے شادی کی انگوٹھی گر گئی اور پھر چیمپئن کو بیوی سے معافی مانگنا پڑ گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اطالوی اسٹار نے سوشل میڈیا پر اپنی بیوی سے معافی مانگی اور تفصیلی پیغام میں لکھا کہ سوری، ایک تو پانی بہت زیادہ تھا میرا وزن بھی خاصا کم ہوا، جذبہ بھی بس سے باہر تھا، اس دوران یہ سب ہوا۔

ہائی جمپر نے کہا کہ میں نے انگوٹھی کو کشتی پر گرتے دیکھا اور اس کے بعد غائب ہو گئی، میرے خیال میں انگوٹھی کے گم ہونے کی اس سے اچھی جگہ کوئی اور نہیں ہو سکتی، یہ انگوٹھی اب ہمیشہ سٹی آف لو میں رہے گی۔

اطالوی اسٹار کا کہنا ہے کہ انگوٹھی اس وقت گری جب میں اپنے ملک کا تین رنگوں والا جھنڈا فضا میں زیادہ سے زیادہ بلند رکھ رہا تھا۔

گیانمارکو نے ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا اور 2022ء میں شادی کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں