اٹلی کے یانک سینر نے تاریخ رقم کر دی، پہلی مرتبہ ومبلڈن چیمپیئن بن گئے

لندن( نمائندہ خصوصی)عالمی نمبر ایک اطالوی ٹینس اسٹار یانک سینر نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ومبلڈن ٹینس چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

یانک سینر نے ومبلڈن 2025 کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن اسپین کے کارلوس الکاراز کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

اتوار کے روز لندن کے آل انگلینڈ کلب میں کھیلے گئے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ومبلڈن کے فائنل میچ میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی یانک سینر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کے 21 سالہ اسٹار کھلاڑی اور سابق چیمپیئن کارلوس الکاراز کو 4-6، 6-4، 6-4، 6-4 سے شکست دے دی۔

میچ کے آغاز میں الکاراز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ 4-6 سے جیت کر برتری حاصل کی، تاہم اس کے بعد یانک سینر نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے مسلسل تین سیٹس اپنے نام کیے اور پہلی مرتبہ ومبلڈن چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کارلوس الکاراز 2023 اور 2024 میں لگاتار دو مرتبہ ومبلڈن کے فاتح رہ چکے ہیں اور اس بار ان کی ہیٹ ٹرک کی امیدیں تھیں، مگر یانک سینر کی بے مثال فارم اور قوت ارادی نے ان کی یہ خواہش ادھوری چھوڑ دی۔

اس شاندار فتح کے ساتھ یانک سینر نہ صرف ومبلڈن جیتنے والے پہلے اطالوی مرد کھلاڑی بن گئے بلکہ انہوں نے اپنے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلیم ٹائٹل بھی حاصل کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں