اٹک : مجھے تاوان کیلئے اغواء کیا گیا، انتظار پنجوتھہ بیان دیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے

اٹک : پاکستان تحریک انصاف کے بازیاب ہونے والے مغوی وکیل انتظار حسین پنجوتھہ پولیس کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے تاوان کیلئے اغواء کیا گیا تھا۔

بازیابی کے بعد شدید تکلیف کے سبب انتظار حسین پنجوتھہ کی حالت غیر ہوچکی تھی جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، ڈی پی او سردار غیاث گل خان موقع پر پہنچ گئے۔

اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ مجھے تاوان کے لیے اغواء کیا گیا تھا اس دوران مجھ پر بے انتہا تشدد کیا گیا، اغواء کارمجھ سے دو کروڑ روپے تک تاوان مانگتے رہے۔

انتظارپنجوتھہ کا کہنا تھا کہ مجھے 8 اکتوبر کو اسلام آباد سے اغواء کیا گیا تھا، مجھے معلوم نہیں اس وقت اغواء کار کہاں سے لائے ہیں، اغواء کار آپس میں پشتو میں بات کرتے تھے، مجھے سمجھ نہیں آتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ مجھے جو یاد آرہا ہے کہ اغواء کار چمکنی کی طرف سے لائے ہیں، اغواء کار مجھے3 سے 4گھنٹے کا سفر کرکے حسن ابدال تک لائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں