اکشے کمار کی 13 سالہ بیٹی آن لائن ہراسانی کا شکار، اداکار نے خطرات سے آگاہ کیا

ممبئی(این ڈی ٹی وی)بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے اپنی 13 سالہ بیٹی نیتارا کے ساتھ پیش آنیوالے آن لائن ہراسانی کے واقعے کا انکشاف کیا، ایک نامعلوم شخص نے ویڈیو گیم کھیلتے وقت نازیبا تصاویر بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

3 اکتوبر کو ممبئی میں ‘سائبر آگاہی مہینے’ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ چند ماہ قبل ان کی بیٹی ایک آن لائن ویڈیو گیم کھیل رہی تھی، جب ایک اجنبی نے پیغام بھیجا: “کیا آپ اپنی برہنہ تصاویر بھیج سکتی ہیں؟”۔ نیتارا نے فوراً گیم بند کی اور ماں کو اطلاع دی جس پر اکشے کمار نے بیٹی کی سمجھداری کو سراہا۔

اداکار نے معاشرے کو بچوں کو آن لائن خطرات سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور حکومتِ مہاراشٹرا سے درخواست کی کہ اسکولوں میں ساتویں تا دسویں جماعت کے طلبا کے لیے ہفتہ وار خصوصی سائبر پیریڈ رکھے جائیں، تاکہ انہیں انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور آن لائن گیمز میں ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔

اکشے کمار نے کہا کہ سائبر جرائم کی نوعیت اور شدت روایتی جرائم سے زیادہ سنگین ہوتی جا رہی ہے اور فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔اکشے کمار کا یہ اقدام بچوں کے آن لائن تحفظ اور سائبر آگاہی بڑھانے کی ضرورت کی جانب ایک اہم پیغام ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں