آئندہ ماہ اگست میں بنگلادیش کی دو کرکٹ ٹیمیں پاکستان پہنچیں گی

آئندہ ماہ اگست بنگلادیش کی دو کرکٹ ٹیمیں پاکستان پہنچیں گی، ملکی حالات کے باوجود بنگلادیش کرکٹ بورڈ اے ٹیم اور ٹیسٹ اسکواڈ کے شیڈولڈ کے مطابق پاکستان پہنچنے کے لیے پُرامید ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش اے ٹیم شیڈول کے مطابق 6 اگست کو ڈھاکا سے دورۂ پاکستان کے لیے روانہ ہو گی اور 7 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔

ذرائع بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے حالات کی وجہ سے ٹیم کی روانگی متاثر ہونے کا امکان نہیں، ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے 16 اگست کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی اور 17 اگست کو اسلام آباد پہنچے گی۔

پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ بنگلادیش اے ٹیم دو چار روزہ اور تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔

بنگلہ دیش اے سیریز کے میچز اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال میچز کے وینیو کا اعلان نہیں کیا۔

بنگلادیش اے کے خلاف سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا جا چکا ہے، پاکستان شاہینز اور بنگلادیش اے کے خلاف پہلا چار روزہ میچ 10 اگست سے کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں