شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار بلال قریشی نے کامیاب ازدواجی زندگی کا راز بتادیا۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار بلال قریشی نے مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن رکھا اور متعدد سوالات کے جوابات دیے۔انہوں نے کامیاب ازدواجی زندگی کا راز بتاتے ہوئے لکھا کہ وہ اہلیہ عروسہ سے ڈرتے ہیں اور ان کی ہر بات ماننے سمیت ان کی عزت بھی کرتے ہیں۔اداکار نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ کامیاب شادی کے لیے شریک حیات کی عزت کرنا سیکھیں، ان کی رائے کو احترام دیں اور ان کی باتیں مانیں۔بلال قریشی نے بتایا کہ ان کی اور اہلیہ عروسہ قریشی کی عمر میں بھی 10 سال کا فرق ہے لیکن شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں، جب مداح نے یہ پوچھا کہ آپ دونوں میں سے کون عمر میں بڑا ہے تو اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’یہ سوال میری بیگم نے دیکھ لیا تو وہ آپ کو بتائیں گی۔‘اداکار نے ایک سوال پر بتایا کہ ان کی اہلیہ عروسہ قریشی سے پہلی ملاقات 2013 میں ہوئی تھی، جس کے بعد وہ ان کی جان بنیں اور پھر جان جاں بن گئیں۔بلال قریشی نے بتایا کہ وہ اپنے والدین اور بچوں کے ہمراہ مشترکہ طور پر رہتے ہیں اور خوش زندگی گزار رہے ہیں۔خواتین کی اہمیت کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کی زندگی والدہ، بہن اور اہلیہ کی وجہ سے پرسکون اور کامیاب ہے، ان کی زندگی پر خواتین کا بہت بڑا اثر ہے۔بلال قریشی اور عروسہ 2015 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے اور ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش 2016 اور دوسرے بیٹے کی پیدائش 2021 میں ہوئی تھی۔
اشتہار
موسم کی صورت حال
More forecasts: Weather Johannesburg 14 days