احمد آباد(ایجنسیاں)بھارت کی ریاست گجرات میں ایک افسوسناک فضائی حادثے میں ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز AI-171 احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایک میڈیکل کالج کے ہاسٹل کی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گئی۔ افسوسناک سانحے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 294 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثہ ٹیک آف کے چند لمحوں بعد پیش آیا، جب بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کے فوراً بعد گر کر رہائشی علاقے میں قائم بی جے میڈیکل کالج کے انڈرگریجویٹ ہاسٹل کے میس سے جا ٹکرایا۔
گجرات پولیس کی اعلیٰ افسر ودھی چودھری کے مطابق، جاں بحق افراد میں طیارے میں سوار 230 مسافر، 12 عملے کے ارکان اور میڈیکل ہاسٹل کے متعدد طلبہ شامل ہیں، جو حادثے کے وقت میس میں موجود تھے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، سیٹ نمبر 11A پر سوار ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا، جو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق، طیارے میں سوار افراد میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، 7 پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل تھے۔ اطلاعات کے مطابق، مسافروں میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی بھی موجود تھے۔
پرواز کی کمان کیپٹن سمیت سبھروال کے پاس تھی، جنہیں 8200 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ تھا۔ فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر 1100 گھنٹوں کا تجربہ رکھتے تھے۔ طیارے نے ’مے ڈے‘ کال بھیجی، تاہم اس کے بعد کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، طیارے کا ایک بلیک باکس تلاش کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرا بلیک باکس تاحال ملبے سے تلاش کیا جا رہا ہے۔ ڈی جی سی اے اور ایئر انڈیا کے تفتیشی حکام تحقیقات میں مصروف ہیں۔حادثے کے بعد سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور تمام پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر برائے شہری ہوابازی سے رابطہ کیا اور تمام ممکنہ امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات حکومت کو مرکزی مدد کی یقین دہانی کرائی۔گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں تیز کرنے، زخمیوں کے لیے اسپتالوں میں گرین کوریڈور اور فوری طبی امداد کی ہدایات جاری کیں۔
راہول گاندھی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کارکنان کو ریلیف میں حصہ لینے کی ہدایت دی۔برطانوی شاہ چارلس اور وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کو بھی واقعے سے آگاہ کیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
حادثے کے بعد بوئنگ کمپنی کے شیئرز میں 6.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور کمپنی نے بیان جاری کیا ہے کہ وہ واقعے کی ابتدائی تفصیلات سے آگاہ ہے اور مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ایئر انڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر کہا ہے کہ”ہم حادثے کی مکمل تفصیلات حاصل کر رہے ہیں اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔”

