واشنگٹن (ڈان، جیو نیوز، اے ایف پی، امریکی میڈیا)سابق ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی اور معروف طبی ماہر پروفیسر ڈاکٹر فائقہ قریشی امریکا میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔
امریکی ذرائع کے مطابق، ورجینیا کے ڈنوڈی کاؤنٹی میں ہفتے کے آخر میں پیش آنے والے حادثے میں ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی سڑک سے نکل گئی اور آگ پکڑ گئی، جس کے نتیجے میں وہ فوری طور پر جاں بحق ہو گئیں۔

ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں Children’s Hospital of The King’s Daughters میں بطور پیڈیاٹرک فزیشن شمولیت اختیار کی اور طویل عرصے تک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
پاکستان میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور (KEMU) نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فائقہ قریشی کے انتقال پر شدید افسوس ہے۔ KEMU کے مطابق، ڈاکٹر فائقہ قریشی ایک شاندار طالبہ تھیں اور انہوں نے 1973 میں گریجویشن مکمل کی تھی۔
ڈاکٹر فائقہ قریشی پیڈیاٹرک ایمرجنسی میڈیسن کی ممتاز پروفیسر تھیں اور اپنے شعبے میں پیشہ ورانہ مہارت، ہمدردی اور تدریسی خدمات کے باعث نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔ ان کی وفات پر طبی برادری اور پاکستانی کمیونٹی میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
امریکا کے Children’s Hospital of The King’s Daughters نے بھی ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک مخلص اور قابل پیڈیاٹرک فزیشن قرار دیا۔
ڈاکٹر فائقہ کے والد ایئر مارشل (ر) نور خان پاکستان کے نامور رہنما رہے، جنہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے عہدے سمیت سول ایوی ایشن، اسپورٹس اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

