ایتھنز :فلسطین عوام کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

ایتھنز (بیورورپورٹ)اسرائیل کی غزہ میں امدادی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں گہری انسانی ہمدردی کے بحران کے خلاف مظاہرہ کرنے کیلئے ہزاروں افراد یونانی پارلیمنٹ کے سامنے سنتاغما اسکوائر پر جمع ہوگئے اور اسرائیل کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے فضا میں فلسطینی پرچم لہارا کر اسرائیل اور نیتن یاھو کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔

یونان میں مقیم فلسطینی کمیونٹی، یونانی عوام، لیبر یونین کے کارکنان کے علاوہ تمام مکتبِ فکر کے افراد نے ملکر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم سب ملکر ایک آزاد فلسطین اور فلسطینی عوام کے قتل عام کے خلاف اپنی آواز کو بار بار بلند کرتے رہیں گے۔

یونانی کمیونسٹ پارٹی کی ٹریڈ یونین نے جمعرات کو اسرائیل کے خلاف ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے کی کال دیتے ہوئے اسرائیلی سفارت خانے کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں یونان کی حزبِ اختلاف کی پارٹی نے بھی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی کال دی ہے۔

یونانی وزیر خارجہ یورگو ییراپیتریتیس نے فلسطینی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد مصطفیٰ سے فون پر بات کی جس میں یونانی وزیرِ خارجہ نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور غزہ میں انسانی امداد کی بغیر کسی روک ٹوک کے فراہمی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں