ایرانی صدر اور سعودی ولی عہد کے درمیان رابطہ، محمد بن سلمان کا جنگ بندی کا خیرمقدم

ریاض / تہران(سعودی پریس ایجنسی (SPA)، ایرانی صدارتی دفتر)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزیشکیان کے درمیان منگل کے روز ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں فریقین نے خطے میں حالیہ کشیدگی، جنگ بندی کے اقدامات اور امن و استحکام کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ولی عہد کا جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم
سعودی خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق، سعودی ولی عہد نے ایران اور اسرائیل کے درمیان امریکی ثالثی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو خوش آئند اور خطے کے استحکام کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

انہوں نے کہا”یہ جنگ بندی معاہدہ خطے میں سلامتی، سیاسی استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔ ہم سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کے حامی ہیں اور بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔”

ایران کی جانب سے سعودی موقف پر اظہارِ تشکر
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت میں سعودی عرب کے دوٹوک اور اصولی مؤقف پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا”ہم سعودی قیادت کے خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کیلئےکیے جانے والے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔”

صدر پزیشکیان نے مزید کہا کہ ایران امریکہ کے ساتھ جاری اختلافات کو بین الاقوامی اصولوں اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر آمادہ ہے اور خطے میں مزید کشیدگی سے گریز چاہتا ہے۔

خطے میں تعاون کی نئی فضا کی امید
رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ جنگ بندی کو مؤثر طریقے سے برقرار رکھنا ضروری ہے اور علاقائی مسائل کے حل کیلئےمکالمہ اور تعاون کی فضا کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رابطہ ایران-سعودی تعلقات میں بہتری اور خطے میں سفارتی استحکام کی نئی بنیاد فراہم کر سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ عالمی سطح پر کشیدگی کا مرکز بن چکا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں