واشنگٹن ( غیر ملکی خبر رساں ایجنسی) آپریشن ایپک فیوری کے دوران ایرانی ڈرون حملے میں مارے جانے والے 6 امریکی فوجیوں کی میتیں امریکا منتقل کر دی گئی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ فوجی یکم مارچ کو ایران کی جانب سے کویت کے پورٹ شعیبہ میں واقع ایک امریکی فوجی تنصیب پر ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق امریکی ریاست آئیووا میں قائم آرمی ریزرو کے ایک یونٹ سے تھا۔

امریکی فوجیوں کی میتوں کی منتقلی کی تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس سے قبل پینٹاگون نے ہلاک ہونے والے 6 فوجیوں میں سے 4 کی شناخت ظاہر کی تھی جن کا تعلق آئیووا میں قائم امریکی آرمی ریزرو کے یونٹ سے تھا، بعد ازاں باقی دو فوجیوں کی شناخت بھی جاری کر دی گئی۔
ہلاک ہونے والوں میں چیف وارنٹ آفیسر تھری رابرٹ ایم مرزان اور میجر جیفری آر اوبرائن بھی شامل تھے۔ 45 سالہ میجر جیفری آر اوبرائن کا تعلق انڈونیشیا سے بتایا گیا جبکہ 54 سالہ چیف وارنٹ آفیسر تھری رابرٹ ایم مرزان امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی تھے۔

