تہران: ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ تہران گزشتہ ہفتے کیے گئے میزائل حملے سے بھی بڑا حملہ کرنے کیلئے تیار ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر کمانڈر نے بتایا کہ اگر اسرائیل کی طرف سے جوابی حملہ کیا گیا تو ایران گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بہت بڑا آپریشن کرنےکیلئےبالکل تیار ہے۔
پاسداران انقلاب کے چیف حسین سلامی کے مشیر ابراہیم جباری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے اسرائیل پر 200 میزائل حملے کیے لیکن اب سینکڑوں یا ہزاروں میزائل اس کے زیر قبضہ علاقوں میں گرانے اور اس کے سکیورٹی، فوجی اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے کیلئے تیار ہیں۔ابراہیم جباری نے کہا کہ اسرائیل ایران کے مقابلے میں جغرافیائی لحاظ سے بہت چھوٹا ہے لہٰذا اسے ایرانی کارروائیوں کے اثرات سے محتاط رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ایک وسیع ملک ہے، اگر ہماری کسی جگہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو ہم نے ملک کے دیگر حصوں سے حملہ کرنے کی صلاحیت پیدا کر لی ہے۔اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ کیا کرنے جا رہے ہیں؟ امریکا اس جنگ میں اترنے کی ہمت نہیں کرے گا اور ہم اس چھوٹے سے اسرائیل کو ہلا کر رکھ سکتے ہیں۔