ایران: دو رہائشی عمارتوں میں دھماکے، 5 افراد جاں بحق، 14 زخمی

تہران/بندر عباس (ایجنسیاں) ایران کے دو شہروں میں رہائشی عمارتوں میں دھماکوں کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔ایرانی حکام کے مطابق بندرگاہ بندر عباس میں واقع رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، جس میں 1 شخص جاں بحق اور 14 شہری زخمی ہوئے۔ فائر بریگیڈ نے تمام متاثرہ افراد کو محفوظ نکال لیا۔

دوسری جانب شہر اہواز میں بھی رہائشی عمارت میں گیس کے دھماکے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، تاہم 3 سالہ بچے اور ایک خاتون کو بچا لیا گیا۔ دھماکوں کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، اور بندر عباس میں دھماکے کی شدت اتنی تھی کہ ایک گاڑی دوسری طرف جا گری۔ایرانی میڈیا نے تصدیق کی کہ پاسداران انقلاب کے نیول کمانڈر کو ہدف بنانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔اسرائیل نے بھی دھماکوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے اور کہا کہ یہ واقعہ ان سے متعلق نہیں۔