ایران سے واپس آنے والے زائرین کی بس کو ہولناک حادثہ، 12 جاں بحق

حب: ایران سے پنجاب آنے والی زائرین کی ایک بس کوسٹل ہائی وے پر کھائی میں گر گئی، حادثے میں 12 افراد جاں بحق، 30 زخمی ہو گئے ہیں۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی زائرین کی ایک بس مکران میں حادثے کا شکار ہو گئی ہے، حادثہ بزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا، لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا جب کہ ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمی زائرین کو سول ٹراما سینٹر کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

لیویز حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیوں کہ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے، کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق بس میں 50 افراد کی گنجائش تھی، 70 بیٹھے ہوئے تھے، پولیس حکام کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کے سبب پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جا رہی تھی، زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔ صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں