ایران میں بے امنی، پاکستانی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)دفتر خارجہ نے ایران میں بڑھتی ہوئی بے امنی کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس سلسلے میں ہفتے کے روز ایک سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے حالات بہتر ہونے تک جمہوریہ اسلامی ایران کا غیر ضروری سفر نہ کریں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں مقیم پاکستانی شہری انتہائی احتیاط برتیں، ہوشیار رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت محدود رکھیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران میں مقیم پاکستانی شہری تہران، زاہدان اور مشہد میں قائم پاکستانی مشنز سے باقاعدہ اور مسلسل رابطے میں رہیں۔

دفتر خارجہ نے ایرانی شہروں تہران، زاہدان اور مشہد میں قائم پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے فون نمبرز بھی جاری کیے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ ممکن ہو سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران بھر میں گزشتہ تقریباً دو ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں، جو مہنگائی میں اضافے کے خلاف عوامی غصے کے باعث شروع ہوئے، جس کے بعد حکام کی جانب سے انٹرنیٹ پر پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔

ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم ہرانا کے مطابق 28 دسمبر سے شروع ہونے والے مظاہروں میں جمعے تک کم از کم 62 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں 14 سیکیورٹی اہلکار اور 48 مظاہرین شامل ہیں۔