ایران میں غیر قانونی سرحد عبور کرنے والے متعدد افغان شہری ہلاک

تہران(ایجنسیاں)ایران کے سرحدی علاقوں میں غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران متعدد افغان شہری شدید سردی میں ہلاک ہو گئے۔ ایرانی جریدے کے مطابق ہلاکتوں کے بعد 15 افغان مہاجرین کی لاشیں کوہسان اور ادَرَسکَن اضلاع منتقل کی گئیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران-افغانستان سرحد پر مجموعی طور پر 40 افغان شہری ہلاک ہوئے اور متعدد مہاجرین لاپتہ ہو گئے ہیں۔ افغان باشندے اسلام قلعہ کے راستے سے غیر قانونی طور پر ایرانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

سینئر ایرانی سرحدی کمانڈر کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال اکتوبر تک غیر قانونی داخلے کی کوششوں میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 16 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین اور پناہ گزینوں کو ایران سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر قانونی دراندازی خطے کے ممالک کی داخلی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایران افغان سرزمین سے پھیلتی دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گا۔