ایران نے امریکا کے کسی بھی ممکنہ حملے کا شدید ردعمل دینے کی دھمکی دے دی

تہران(ایجنسیاں)ایران نے امریکا کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف سخت ردعمل کا عندیہ دے دیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی جارحیت کے جواب میں ایران کا ردعمل انتہائی سخت اور بھرپور ہوگا۔

ایرانی پارلیمنٹ نے بھی دفاع کے حق اور قومی خودمختاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اپنے دفاع کے لیے کسی سے اجازت لینے کا محتاج نہیں اور کسی بھی مہم جوئی یا حملے کے خلاف ایرانی عوام کا ردعمل غیر متوقع اور شدید ہوگا۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران ایران کے جوہری پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کی صورت میں ایران پر ممکنہ حملے کی حمایت ظاہر کی تھی۔