یروشلم(ٹائمز آف اسرائیل)اسرائیلی حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایران سے حالیہ جنگ کے دوران 550 بیلسٹک میزائل اور تقریباً 1,000 ڈرونز اسرائیلی سرزمین پر داغے گئے، جن کے نتیجے میں 28 شہری ہلاک اور 3,238 افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 9,000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق3238افراد جنگ کے دوران مختلف زخموں کے ساتھ ہسپتالوں میں داخل کیے گئے.ان میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے.401 افراد کو شدید ذہنی دباؤ، صدمے یا خوف کی حالت میں فوری نفسیاتی طبی امداد دی گئی.
میگن ڈیوڈ آدوم (MDA) ایمبولینس سروس نے تصدیق کی ہے کہ28 شہری میزائل اور ڈرون حملوں میں جاں بحق ہوئے.ان میں سے 4 شہری آج صبح کے حملے میں ہلاک ہوئے.ایم ڈی اے نے زخمیوں کی ہنگامی نقل و حمل اور میدانی طبی امداد فراہم کی.
اسرائیلی فوج کے مطابق”ایران نے 12 روزہ جنگ میں 550 بیلسٹک میزائل اور 1000ڈرونز داغے۔ اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے ان میں سے اکثریت کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔”
فوجی بیان میں تسلیم کیا گیا کہ کم از کم 31 بیلسٹک میزائل اسرائیل کے آبادی والے علاقوں میں گرے،صرف ایک ڈرون نے ایک رہائشی گھر کو براہ راست نشانہ بنایا.
اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ9000سے زائد شہری بے گھر ہو چکے ہیں.ان کے مکانات یا تو مکمل تباہ ہو گئے یا شدید نقصان کا شکار ہوئے.متاثرہ افراد کیلئےعارضی پناہ گاہوں، نفسیاتی معاونت اور بچاؤ مراکز قائم کیے جا رہے ہیں.
یہ معلومات ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ شدید جنگی کشیدگی کے بعد سامنے آئی ہیں، جس کا اختتام امریکی ثالثی میں طے پانے والی مرحلہ وار جنگ بندی پر ہوا۔ جنگ بندی کے باوجود، دونوں فریقین کے نقصانات کے تخمینے سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔

