ایران: ٹرمپ کی دھمکیاں مسترد ، بھرپور جواب کا اعلان

تہران(ایرانی وزارتِ خارجہ)ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فوجی کارروائی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی امریکی حملے کی صورت میں ایرانی مسلح افواج فوری اور طاقتور جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ایرانی افواج زمین، فضا اور سمندر میں کسی بھی جارحیت کا فوری اور زوردار جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر ہونیوالے حملوں سے اہم اسباق سیکھے گئے اور اب ایران پہلے سے زیادہ مؤثر ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔صدر ٹرمپ نے ایران پر زور دیا کہ وہ منصفانہ اور مساوی معاہدے کیلئے مذاکرات کی میز پر آئے اور جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہو.

تاہم ایران نے کہا کہ دھمکیوں کے تحت مذاکرات ممکن نہیں۔دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا کہ وہ اپنی فضائی حدود کسی بھی امریکی حملے کیلئےاستعمال نہیں ہونے دیں گے، جبکہ مصر اور ترکی سمیت کئی ممالک کشیدگی کم کرنے کیلئےسفارتی رابطے تیز کر چکے ہیں۔