تہران (ایرانی خبر رساں ادارہ تسنیم، ایرانی میڈیا) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ایران کے جنوب مغربی علاقے میں ایک امریکی جنگی طیارہ ایف 15 ای اسٹرائیک ایگل کو نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرو اسپیس فورس کے نئے فضائی دفاعی نظام نے بدھ کی علی الصبح کارروائی کرتے ہوئے دو نشستوں والے ملٹی رول اسٹرائیک فائٹر طیارے کو مار گرایا۔ایرانی حکام کے مطابق طیارہ ایران کی جنوب مغربی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای، سینئر فوجی کمانڈروں اور شہریوں کے قتل کے بعد ایران کے خلاف وسیع فوجی مہم شروع کی تھی۔ایران کے مطابق اس مہم کے دوران فوجی اور شہری دونوں مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور تباہی ہوئی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے جواب میں ایرانی مسلح افواج نے امریکا اور اسرائیل کے اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، جن میں اسرائیلی زیرِ قبضہ علاقوں اور خطے کے دیگر ممالک میں موجود اہداف بھی شامل ہیں۔تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس دعوے کی فوری تصدیق نہیں کی گئی جبکہ آزاد ذرائع سے بھی اس کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

