ایران کے آپریشن وعدہ صادق کی 22ویں لہر شروع، جدید میزائلوں سے حملوں کا آغاز

تہران ( فارس نیوز ایجنسی، پریس ٹی وی، العربیہ، الجزیرہ) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکی اہداف کے خلاف آپریشن وعدہ صادق 4 کی 22ویں لہر شروع کردی گئی ہے۔ اس کے تحت دشمن کی تنصیبات پر خرمشہر 4 اور فتاح 2 بلیسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے آپریشن کے 21ویں مرحلے میں میزائل اور ڈرونز کے مشترکہ حملے کیے اور متعدد وار ہیڈ رکھنے والے خیبر شکن میزائل تل ابیب میں مخصوص اہداف پر داغے گئے۔

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ ملک ایک طویل جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور جارح دشمن کو سزا دینے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، دشمن کو مزید دردناک ضربوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ترجمان ایرانی فوج نے مزید کہا کہ ایران کے پاس نئی عسکری حکمت عملی اور جدید ہتھیار موجود ہیں جو ابھی بڑے پیمانے پر استعمال نہیں کیے گئے، تاہم ضرورت پڑنے پر انہیں بھی میدان میں لایا جائے گا۔