ایران کے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملے، خطے میں شدید کشیدگی

تہران /کویت سٹی/ دوحہ / ابوظبی / منامہ / ریاض / عمان (بین الاقوامی میڈیا رپورٹس، عرب نیوز ایجنسیاں، رائٹرز، الجزیرہ) ایران نے قطر، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، اردن اور سعودی عرب میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد پورے مشرقِ وسطیٰ میں ہائی الرٹ نافذ کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بحرین کے علاقے الجفیر میں واقع امریکی نیول بیس کے قریب ایرانی میزائل گرنے کے بعد دھماکوں اور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے جبکہ ہنگامی سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں واقع امریکی العدید ایئربیس بھی زور دار دھماکوں سے گونج اٹھی، قطری حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے متعدد میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، اماراتی حکام کے مطابق بیشتر میزائل مار گرائے گئے تاہم ایک حملے میں ایک شخص ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ دبئی مرینہ کے علاقے میں بھی دھماکے کی آواز سنی گئی جبکہ بیلسٹک میزائل دفاعی نظام فوری طور پر فعال کردیا گیا۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا اور ایئرپورٹ آنے جانے والے راستوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔اردن میں مفک السلطی ایئربیس پر بھی ایرانی میزائل حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جہاں امریکی افواج کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

تاحال امریکی یا خلیجی حکام کی جانب سے مکمل جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم خطے بھر میں دفاعی نظام فعال اور فضائی نگرانی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔مبصرین کے مطابق حالیہ حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں وسیع علاقائی تصادم کے خدشات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔