ایرانی حکام کے مطابق آخری رسومات کے سلسلے میں تبریز، قم، تہران، بیرجند اور مشہد میں جلوس برآمد کیے جائیں گے۔
تبریز سے تمام میتیں قم لائی جائیں گی جہاں تعزیتی تقریب مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ہوگی۔
تہران میں آخری رسومات بدھ کی صبح ساڑھے 9 بجے ادا کی جائیں گی اور جاں بحق افراد کی نماز جنازہ بدھ کو تہران ہی میں ادا کی جائے گی۔
صدر رئیسی و دیگر کی نماز جنازہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای پڑھائیں گے۔
آیت اللّٰہ رئیسی کی تدفین مشہد میں امام رضا کے روضے کے احاطے میں جمعہ کی شب کی جائے گی اور آیت اللّٰہ آل ہاشم کی تدفین جمعہ کو تبریز میں کی جائے گی جبکہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر کی تدفین مراغہ شہر میں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے، ان کے جسد خاکی گزشتہ روز ملبے سے ملے تھے۔