ابو ظہبی ( نمائندہ اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے عمان کو 21 رنز سے شکست دے دی، بھارتی ٹیم تینوں میچز جیت کر سپر فور میں پہنچ گئی ہے اور اب اتوار کو روایتی حریف پاکستان کیخلاف کھیلے گی۔
ابو ظہبی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز اسکور کیے، جبکہ اوپنر ابھیشک شرما نے صرف 15 گیندوں پر 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ تلک ورما نے 29 اور اکثر پٹیل نے 26 رنز کا اضافہ کیا۔ عمان کے عامر کلیم، شاہ فیصل اور جیتن رامنندی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 167 رنز بنا سکی۔ عمان کے عامر کلیم نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ حماد مرزا نے 51 اور کپتان جتندر سنگھ نے 32 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے ہاردیک پانڈیا، ارشدیپ سنگھ، ہرشیت رانا اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے گروپ مرحلے کے تینوں میچ جیت کر سپر فور میں نشست پکی کر لی ہے، جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔پاکستان اور بھارت کا اتوار کو ہونے والا ٹاکرا شائقینِ کرکٹ کیلئےسب سے بڑا میچ قرار دیا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم دیکھتے ہوئے کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

