ٹاس کے دوران دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا ایک بار پھر ہاتھ ملانے سے گریز
پاکستان ٹیم سپر فور راؤنڈ کا اگلا میچ 23 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی
دبئی(کرک انفو+سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے 172 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ ابھیشک شرما 74 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کے حارث رؤف نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سپر فور راؤنڈ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کر کے کامیابی سمیٹ لی۔ بھارتی اوپنر بیٹر ابھیشک شرما نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔

شمبن گل نے 28 گیندوں پر 47 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، بھارتی کپتان سوریا کمار یادو دوسری ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے، جبکہ سنجو سیمسن 13 رنز بنا سکے۔ تلک ورما 30 اور ہاردیک پانڈیا 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ پاکستانی اوپنر صاحب زادہ فرحان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 58 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اوپنر فخر زمان 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، تاہم ان کا کیچ مشکوک قرار دیا گیا۔
پاکستان کے دیگر بیٹرز میں صائم ایوب نے 17 گیندوں پر 21، حسین طلعت نے 11 گیندوں پر 10 رنز بنائے جبکہ محمد نواز 19 گیندوں پر 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے شیوم دھوبے نے 2 وکٹیں لیں جبکہ کلدیپ یادو اور ہاردیک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے دوران دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ایک بار پھر ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔پاکستان ٹیم سپر فور راؤنڈ کا اگلا میچ 23 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

