ایشیا کپ سپر 4: بھارت کی دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں سری لنکا کو شکست

دبئی (اسپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا آخری میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان انتہائی سنسنی خیز رہا، جو مقررہ اوورز میں برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں بھارت نے جیت لیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا نے بھی زبردست بیٹنگ کی اور آخری گیند پر 3 رنز درکار ہونے کے باوجود صرف 2 رنز بناسکے، یوں میچ ٹائی ہو گیا۔

سپر اوور میں سری لنکن بیٹرز نے 5 گیندوں پر صرف 2 رنز بنائے اور 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ بھارت نے یہ ہدف پہلی ہی گیند پر حاصل کر لیا۔

سری لنکا کی اننگز میں اوپنر پاتھم نیسانکا نمایاں رہے، جنہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 107 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ کوسال پریرا نے 32 گیندوں پر 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان داسن شناکا 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے پانچ مختلف باؤلرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی اننگز میں اوپنر ابھیشک شرما نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 31 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ مڈل آرڈر بیٹرز تلک ورما اور سنجو سیمسن نے 66 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ سنجو سیمسن 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما 49 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کپتان سوریا کمار یادو صرف 12 رنز بنا سکے، شوبھمن گل 4 اور ہاردیک پانڈیا 2 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ اکشر پٹیل 21 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان پہلے ہی ایشیا کپ 2025 کے فائنل کیلئےکوالیفائی کر چکے ہیں۔ فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں