ایشیا کپ سپر 4: پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

ابوظبی (اسپورٹس ڈیسک/ایجنسیز رپورٹ) ایشیا کپ سپر 4 راؤنڈ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 134 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

میچ کے آغاز میں پاکستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 80 کے مجموعے پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ اس نازک موقع پر حسین طلعت اور محمد نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔ حسین طلعت نے 32 جبکہ محمد نواز نے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ حسین طلعت کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان 24، فخر زمان 17، محمد حارث 13، کپتان سلمان علی آغا 5 اور صائم ایوب 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کے مہیش تھکشانا اور وانندو ہسارنگا نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 133 رنز بنائے۔ 80 کے اسکور پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے باوجود کامیندو مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ کپتان چریتھ اسالانکا 20، کوسال پریرا اور وانندو ہسارنگا 15،15 رنز بنا سکے، جبکہ کوسال مینڈس اور داسن شناکا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔ چمیکا کرونا رتنے 17 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، حسین طلعت اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ اسپنر ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں