ابوظبی (سپورٹس ڈیسک) – ایشیا کپ 2025 کے ساتویں میچ میں متحدہ عرب امارات نے شاندار بیٹنگ اور باؤلنگ پرفارمنس کی بدولت عمان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 172 رنز بنائے، عمان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد وسیم اور عالیشان شرافو کی نصف سینچریاں اور جنید صدیق کی 4 وکٹیں نمایاں رہیں۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر یو اے ای کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ متحدہ عرب امارات نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ کپتان محمد وسیم نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عالیشان شرافو نے ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔
محمد زوہیب نے 21 اور ہرشیت کوشک نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔ عمان کی جانب سے جیتن رامانندی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسنین شاہ اور سامے شریواستو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم کو ابتداء میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور صرف 7 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی۔ عمان کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ آریان بشت نے 24 رنز، کپتان جتندر سنگھ اور ونائیک شکلا نے 20، 20 رنز بنائے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ حیدر علی اور محمد جواداللہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد روہید کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔متحدہ عرب امارات کی یہ جیت ایشیا کپ میں ان کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات کو مزید روشن کر رہی ہے جبکہ عمان کو اگلے میچز میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہوگی۔

