ممبئی (سپورٹس ڈیسک) – ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا نے ایک بار پھر پاکستان دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے ایشیا کپ میں پاک-بھارت میچ کی مخالفت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارتِ کھیل کی جانب سے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے گرین سگنل دیے جانے کے بعد مودی حکومت پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ وزارت کھیل نے واضح کیا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اب کسی نیوٹرل مقام پر بھی دوطرفہ کھیلوں کے مقابلے نہیں ہوں گے، تاہم بھارت کو ایشیا کپ میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔
شیوسینا کے رہنماؤں اور ارکان پارلیمان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراطلاعات کو خط لکھ کر موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ’’غداری‘‘ کے مترادف ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ’’پاکستان سے کسی بھی قسم کے روابط ملک کے خلاف جرم اور غیر انسانی اقدام تصور ہوں گے۔‘‘واضح رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا، جبکہ پاک-بھارت کا ہائی وولٹیج میچ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے، جس کا دنیا بھر کے شائقین کرکٹ بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

