ایشیا کپ ہاکی 2025: بھارت کا پاکستانی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ

پاکستانی ٹیم کی شرکت حکومتی اجازت سے مشروط، بھارت کی منظوری مل گئی، پاکستان کا فیصلہ باقی

نئی دہلی/اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)بھارتی حکومت نے ایشیا ہاکی کپ 2025 میں شرکت کیلئےپاکستان ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 27 اگست سے 7 ستمبر 2025 تک بھارت کے شہر راجگیر، بہار میں منعقد ہوگا۔ تاہم، پاکستان کی ٹیم کی شرکت اب بھی حکومتِ پاکستان کی اجازت سے مشروط ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور وزارت کھیل نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ویزہ جاری کرنے کی مشترکہ منظوری دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اسپورٹس ایونٹس میں شرکت پر کسی ملک کی ٹیم پر پابندی نہیں، البتہ دو طرفہ سیریز مختلف معاملہ ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) نے بھی تصدیق کی ہے کہ بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے این او سی (NOC) حاصل کرنے کی غرض سے 12 جون کو حکومت کو باضابطہ درخواست دی گئی تھی۔

یہ معاملہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوایا، جس نے آگے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو ارسال کر دیا ہے۔ ابھی تک پاکستان کی جانب سے ٹیم کو روانہ کرنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ ایونٹ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ بھی ہے، اسلئے فیڈریشن نے زور دیا ہے کہ حکومت واضح کرے کہ پاک-بھارت کشیدہ تعلقات کے باوجود ٹیم کو بھیجا جائے یا نہیں۔

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کیلئے بھارتی ویزہ منظوری ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، تاہم پاکستانی حکومت کی حتمی اجازت اس شرکت کا فیصلہ کرے گی۔ اگر حکومت اجازت دیتی ہے تو پاکستان ہاکی ٹیم عالمی مقابلوں میں اپنی شرکت برقرار رکھنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔ ہاکی حلقوں کی نظریں اب اسلام آباد کے فیصلے پر مرکوز ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں