دبئی (اسپورٹس ڈیسک) – ایمرٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ایشیا کپ 2025 کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس میں سب سے زیادہ توجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں شیڈول ہائی وولٹیج مقابلے پر ہے۔
ای سی بی کے مطابق، ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹس کی کم سے کم قیمت 40 درہم (تقریباً 3 ہزار پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے، جب کہ دبئی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹس 50 درہم (تقریباً 3 ہزار 800 پاکستانی روپے) سے شروع ہوں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے مقابلے سمیت 7 میچز کے لیے خصوصی پیکج بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کی ابتدائی قیمت 1400 درہم (تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی ہے۔ اس پیکج میں بھارت-یو اے ای میچ (10 ستمبر)، پاک–بھارت ٹاکرا (14 ستمبر)، سپر فور مرحلے کے 4 میچز اور 28 ستمبر کا فائنل شامل ہیں۔ یہ تمام میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
شائقین کو دیگر میچز کے لیے انفرادی ٹکٹس خریدنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جو اس پیکج میں شامل نہیں ہیں۔ ای سی بی نے مزید اعلان کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم کے ٹکٹ دفاتر سے بھی ٹکٹس دستیاب ہوں گے، جن کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

