سیول ( نمائندہ خصوصی)کوریا میں جاری ایشین جونیئر اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بوائز انڈر 13 اور انڈر 15 کیٹیگریز کے ٹائٹلز اپنے نام کر لئے۔ سہیل عدنان اور نعمان خان نے فائنلز میں فتح حاصل کی، جب کہ گرلز انڈر 13 میں ماہنور علی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی اسکواش نوجوان کھلاڑیوں نے ایشین جونیئر اسکواش ٹورنامنٹ 2025 میں ملک کا پرچم سربلند کر دیا۔ ڈان نیوز کے مطابق، بوائز انڈر 13 کے فائنل میں سہیل عدنان نے بھارت کے آیان دھنوکا کو چار سیٹس میں 5-11، 2-11، 11-13 اور 6-11 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
اسی ٹورنامنٹ کے بوائز انڈر 15 فائنل میں نعمان خان نے ایک اور پاکستانی کھلاڑی احمد رایان خلیل کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جس سے دونوں ٹائٹلز پاکستان کے نام ہوئے۔دوسری جانب، گرلز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کی ماہنور علی کو سیکنڈ سیڈ چینی کھلاڑی ین زیووان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ان فتوحات کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں کو قومی سرمایہ قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کامیابیوں سے پاکستان میں اسکواش کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
ایشین جونیئر اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی قومی سطح پر اسکواش کے فروغ کیلئے حوصلہ افزا اشارہ ہے۔ سہیل عدنان اور نعمان خان جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کامیابیاں پاکستان کے ماضی کے اسکواش ورثے کو نئی زندگی دینے کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔

