ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ: پاکستانی خواتین نے 2 گولڈ سمیت 4 میڈلز جیت لئے

(اسپورٹس ڈیسک)ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی خواتین سائیکلسٹس نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل اپنے نام کر لیے۔

پاکستان کی رابعہ غریب نے ماسٹرز کیٹیگری میں دو گولڈ میڈلز جیتے۔ انہوں نے 50 تا 54 سال ایج گروپ کے انفرادی ٹائم ٹرائل میں 24 منٹ 50 سیکنڈز میں ریس مکمل کی، جبکہ انفرادی روڈ ریس میں 46.8 کلومیٹر کا فاصلہ 1 گھنٹہ 25 منٹ 50 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کیٹیگری میں رابعہ غریب واحد سائیکلسٹ تھیں اور کامیابی سے ریس مکمل کرنے پر وہ دونوں مقابلوں میں گولڈ میڈل کی حقدار قرار پائیں۔

دوسری جانب خواتین کی 40 تا 44 سال ایج گروپ روڈ ریس میں زینب رضوان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 6 سائیکلسٹس میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 1 گھنٹہ 25 منٹ 8 سیکنڈز میں طے کر کے سلور میڈل جیتا۔

اسی ایج گروپ کے انفرادی ٹائم ٹرائل (آئی ٹی ٹی) میں زینب رضوان نے 15.8 کلومیٹر کا فاصلہ 27 منٹ 27 سیکنڈز میں مکمل کر کے برانز میڈل حاصل کیا۔