دفاعی حکمت عملی قومی ٹیم کو لے ڈوبی جیتا ہوا میچ برابری پر اختتام پذیر
لاہور :ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری ایف آئی ایچ نیشن ہاکی کپ میں پاکستان اور ملائشیا کے مابین کھیلا جانے والا سنسنی خیز میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول چھٹے منٹ میں احمد ندیم نے جبکہ دوسرا گول 9ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر عبدالرحمن نے کیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو دو صفر سے برتری حاصل تھی اور لگتا تھا کہ قومی ٹیم بآسانی میچ جیت کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرے گی لیکن ضرورت سے زیادہ دفاعی کھیل قومی ٹیم کو مہنگا پڑ گیا۔

چوتھے کوارٹر میں میزبان ٹیم نے کم بیک کرتے ہوۓ پاکستان کے گول پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیۓ جس کے نتیجہ میں فطری اور کمال نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ چوتھے کوارٹر میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ کرکے ٹیم کو دوبارہ سبقت دلائی جسے دو ہی منٹ بعد سید چولان نے ختم کرکے پاکستان کی یقینی فتح کو برابری میں تبدیل کر دیا۔ اس طرح کھیل کے اختتام تک میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔
میچ کے اختتام پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان دو قیمتی پوائنٹس ضائع ہونے پر خاصے مایوس دکھائی دئیے اور کھلاڑیوں پر برہمی کا اظہار کیا جنہوں نے ان کی حکمت عملی پر عمل نہ کرکے ٹیم کو یقینی فتح سے محروم کر دیا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ آج جاپان کے خلاف جبکہ پول کا تیسرا اور آخری میچ 18 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

