ایلمنٹے (نامہ نگار)کینیڈا ڈے 2025 کے موقع پر اونٹاریو کے خوبصورت اور تاریخی شہر ایلمنٹے میں ایک منفرد اور پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ایلمنٹے، اونٹاریو، مشہور باسکٹ بال کے موجد جیمز نیس سمتھ کا پیدائش کا مقام ہے. اس سال جشن کا مرکزی نعرہ “ایلمنٹے!” رکھا گیا، جو امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کے الحاق کی دھمکیوں اور تجارتی دباؤ کیخلاف کینیڈین عوام کی یکجہتی اور خودمختاری کا اظہار بن چکا ہے۔
ایلمنٹے، جو مسیسیپی دریا کے کنارے واقع ہے، 1818 میں آباد ہوا اور 1871 میں باضابطہ طور پر ایک علیحدہ شہر کے طور پر شامل ہوا۔ اس کا نام میکسیکو کے جنرل “جوان ایلمنٹے” کے نام پر رکھا گیا تھا، جنہوں نے 1847 میں امریکی جارحیت کیخلاف مزاحمت کی۔ یہ نام اس وقت کے مقامی باشندوں کی امریکی اثر و رسوخ کیخلاف جدوجہد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اس سال کی تقریبات شہر کے گیمیل پارک میں منعقد ہوئیں جہاں بچوں کیلئےباؤنسی کاسلز، چہرے کی پینٹنگ، جے بی آرٹس کی جانب سے ٹی شرٹ بنانے کی ورکشاپ، تفریحی کھیل، لذیذ کھانے کے اسٹالز اور ایک جادوگر کی پرفارمنس شامل تھیں۔ شام چھ بجے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں میئر کرسٹا لوہری نے شرکت کی۔
“ایلمنٹے” کا نعرہ اب محض ایک مقامی نعرہ نہیں رہا بلکہ کینیڈا کے مختلف حصوں میں اسے قومی یکجہتی کی علامت کے طور پر اپنایا جا رہا ہے۔ میڈیسن ہیٹ، البرٹا میں حال ہی میں “ایلمنٹے، کینیڈا!” کے عنوان سے ایک غیر سیاسی اجتماع منعقد ہوا، جس میں سو سے زائد افراد نے شرکت کر کے قومی خودمختاری اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
یہ تقریبات نہ صرف تفریح کا ذریعہ بنیں بلکہ کینیڈا کی خودمختاری، اتحاد اور قومی فخر کا عملی اظہار بھی ثابت ہوئیں۔ “ایلمنٹے” کا نعرہ کینیڈا کے عوام کی مشترکہ آواز بن چکا ہے جو اپنی سرزمین کی حفاظت اور ترقی کیلئے متحد ہیں۔

