ٹیسلا، اسپیس ایکس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک کو اسٹار لنک کیلیے حکومتِ پاکستان کی طرف سے منظوری کا انتظار ہے۔
ایکس پر پاکستانی سوشل میڈیا صارف اور ایلون مسک کے درمیان اس حوالے سے مختصر گفتگو ہوئی۔ صنم جمالی نامی صارف نے اسٹار لنک کو پاکستان میں لانچ کرنے کی درخواست کی۔
صنم جمالی نے کہا کہ اسٹار لنک کے ساتھ پاکستان بہتر مستقبل کی جانب بڑھ سکتا ہے، ہر شہری کو انٹرنیٹ کنکٹی ویٹی اور آگے بڑھنے کا موقع ملے گا لہٰذا اس کو ہمارے مستقبل کی راہداری بنایا جائے۔
اس پر ایلون مسک نے جواب دیا کہ وہ اس حوالے سے حکومتِ پاکستان کی جانب سے منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ اسپیس ایکس کے زیر ملکیت اسٹار لنک سیٹلائٹس کے ایک وسیع نیٹ ورک کے ذریعے انٹرنیٹ سروس مہیا کرتا ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تصدیق کی ہے کہ حکومت اور اسٹار لنک میں بات چیت جاری ہے جبکہ درخواست پر کام ابتدائی مراحل میں ہے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ سروس کے لائسنس کیلیے تکنیکی ضروریات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، نیشنل اسپیس ایجنسی قومی اسپیس پالیسی کے تحت جائزہ لے رہی ہے، اس کو لائسنس سے قبل بہت سی تکنیکی چیزوں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
مزید کہا گیا کہ بیڈوتھ، اپ لنکنگ، گیٹ ویز سمیت دیگر کئی اہم چیزوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، تمام غیر ملکی سٹیلائٹ سروس پرووائیڈرز کیلیے یہی طریقہ کار ہے، اسپیس ایجنسی کی منظوری کے بعد سروسز فراہمی کیلیے ریگولیٹر کی منظوری درکار ہوگی۔