ایلون مسک کی ڈونلڈ ٹرمپ کو ملین ڈالرز ماہانہ فنڈنگ کے دعووں کی تردید

معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ماہانہ 45 ملین ڈالرز کی فنڈنگ کے میڈیا کی جانب سے کیے گئے دعووں کی تردید کر دی ہے۔

ایلون مسک نے کینیڈین ماہر نفسیات جارڈن بی پیٹرسن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر جو خبریں چل رہی ہیں وہ درست نہیں اور میں نے کبھی نہیں کہا کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ماہانہ 45 ملین ڈالرز کی فنڈنگ کر رہا ہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے ایک پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (PAC) بنائی ہے اور اس کمیٹی کو’امریکہ پی اے سی‘ کہا جاتا ہے جس کا کام قانونی طور پر فنڈنگ ​​حاصل کرنا اور بدلے میں ملک میں سیاسی مہمات کو فنڈ دینا ہے۔

ایلون مسک نے بتایا کہ پی اے سی سسٹم کو بنانے کا مقصد ان اصولوں کو فروغ دینا ہے جنہوں نے امریکہ کو ایک عظیم ریاست بنایا۔

واضح رہے کہ وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ ٹیسلا کے بانی نے رواں ماہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنے والی پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (PAC) کو کچھ فنڈز دینے کے بارے میں اپنے منصوبوں کا ذکر کیا تھا۔

یہی نہیں بلکہ ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران حملے کے چند گھنٹے بعد 13جولائی کو پہلی بار ان کی حمایت کی۔

دوسری جانب، ایلون مسک ڈیموکریٹک پارٹی پر مسلسل تنقید بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں